پیپلزپارٹی نے سرکاری جماعت سے اتحاد کرکے گھاٹے کا سودا کیا،احسن اقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہماری جدوجہد صرف عمران خان کو نکالنا نہیں بلکہ 73 سال سے جاری میوزیکل چیئر کے کھیل سے نکال کر ملک کو دوبارہ کھڑا کرنا ہے۔ عمران نیازی نے ملک کو وہ نقصان پہنچایا ہے جو دشمن اربوں ڈالر خرچ کر کے بھی نہ کر سکتا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت مسلم لیگ ن کی قیادت کیخلاف جھوٹے مقدمات میں سیاسی انتقام کو جاری رکھے ہوئے ہے جو افسوس کی بات ہے۔ یہ حکومت 3 سال بعد بھی وزیر خزانہ تلاش کر رہی ہے جو ملکی سالمیت کیخلاف اقدام ہے یہ حکومت آج تک ایک بھی منصوبہ سامنے نہیں لا سکی ہے موجودہ حکمران کے پاس "میں" کے علاوہ کچھ نہیں ہے، اس خود پسندی نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے دور میں ملک مسلسل ترقی کرتا رہا لیکن آج ترقی انتہائی حد تک گر چکی ہے پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ عمران نیازی نے ملک کو وہ نقصان پہنچایا جو کوئی دشمن نہیں پہنچا سکا۔ اس حکومت کو مزید برداشت کرنا ممکن ہے اس ملک کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غریب شخص بجلی کے بل ادا کرنے سے قاصر ہیں ۔لوگوں کے لئے خوراک کی اشیا ان کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شوگر و آٹا مافیا کیخلاف کارروائی کا ناٹک کیا جاتا ہے لیکن نیب کدھر ہے اربوں روپے کے غبن کی تحقیقات ہو جانے کے بعد بھی کس کو گرفتار کیا گیا ہے؟۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت سے تعلقات کی بات کرتے تھے تو ان کیخلاف نعرے لگائے جاتے تھے آج مجاہد ملت مفتی عمران خان صاحب اس بات کا جواب دیں کہ ہواﺅں کا رخ کیسے بدل گیا ہے؟ کیا بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت واپس کر دی ہے؟؟ بھارت سے تجارت شروع کرنے کے پیچھے کیا ہے، یہ قومی مفاد کا سودا کرنے پر آئے ہوئے ہیں ملک بچانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ صاف و شفاف انتخابات۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پاس معاشی پروگرام، معاشی تجربہ اور معاشی ٹیم بھی ہے آج ہر کوئی مسلم لیگ ن کے منصوبوں سے فائدہ اٹھا رہا ہے یہ حکومت کورونا ویکسین کی حفاظت نہیں کر سکی، کہیں اسے ضائع تو کہیں اسے خرد برد کر کے اسے وی آئی پیز کو لگا دیا گیا ہے یہ کورونا، معیشت، خارجہ امور سمیت کسی چیز کو بھی مینج نہیں کر سکے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آخری اننگز چل رہی ہے کیونکہ ان کا جانا ٹھہر گیا ہے ۔پی ڈی ایم کی جماعتیں یکسو ہیں۔ پیپلزپارٹی نے ایک سرکاری جماعت سے اتحاد کر کے گھاٹے کا سودا کیا ہے آج سی پیک کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ اگر ہماری حکومت رہتی تو آج سی پیک کو پورٹ فولیو 100 ارب ڈالر پر پہنچ چکا ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں :ڈسکہ انتخاب۔ الیکشن کمیشن منظم دھاندلی ثابت کرے۔۔جسٹس عمر عطا بندیال