عمران صاحب۔۔خط امریکی سازش تھی تو آپ نے او آئی سی کانفرنس میں امریکا کو کیوں دعوت دی۔ شہباز شریف

Apr 01, 2022 | 19:23:PM
 عمران ۔امریکا ۔ سازش ۔ او آئی سی ۔کانفرنس ۔ امریکا۔ دعوت
کیپشن: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو غیر ملکی مبینہ سازش کا علم آج ہوا، اگر یہ بات تھی تو آپ کو بہت پہلے واویلا کرنا چاہئے تھا، عمران خان دھمکی آمیز خط ملنے پر تین ہفتے خاموش کیوں رہے اور فوری شور کیوں نہیں کیا؟ خدا کا خوف کریں آپ کسے بے وقوف بنارہے ہیں،قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں سازش کا ایک لفظ نہیں،جس طرح سے معاشرے میں گالی گلوچ اور دشنام طرازی کا کلچر عمران نیازی نے متعارف کرایا وہ افسوسناک ہے،اپوزیشن کے خلاف کیسز بنائے گئے مگر ایک دھیلا بھی نہیں ملاہے، عمران خان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے ۔
 جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اگر امریکا نے سازش کی تو آپ نے او آئی سی کانفرنس میں امریکا کو کیوں دعوت دی، کیا آپ اتنے معصوم ہیں کہ معصومیت سے امریکا کا نام لے گئے، یہ آپ کا اخری، اور بھونڈا مذاق اور ناٹک ہے، یہ ڈرامہ بازی کس کو دکھا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران نیازی نے ٹرمپ سے ملاقات میں امریکا سے اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، عمران خان نے دورے سے واپسی پر کہا کہ وہ دوسرا ورلڈ کپ جیت کر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کل عمران خان بھارت کی بہت تعریفیں کر رہے ہیں، ڈھیٹ اور ضدی آدمی کا کوئی علاج نہیں جو کہے کہ میں نہ مانوں۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ڈرون حملے انہوں نے رکوائے، عمران خان نے ڈرون حملوں پر اس وقت کی حکومت کی جانب سے مذمت نہ کرنے کا بیان دے کر تاریخ مسخ کرنے کی کوشش کی، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ڈرون حملوں کی مذمت کی، نواز شریف نے ڈرون حملوں کے معاملے پر اپنا پورا مقدمہ لڑا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کا بیڑہ غرق کردیا، عمران نیازی نے پاکستان کے پوری دنیا کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے، عمران خان نے پاکستان کے کاروباراور تعلقات کوخراب کردیا اور اب وہ کس منہ سے ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں مفروضوں پر کم بات کرتا ہوں، میں ٹھوس دلائل اور شواہد پر بات کرتا ہوں، امن ہو یا جنگ چین ہمیشہ ہمارا دوست ثابت ہوا،کہاجاتا ہے کہ دانا دشمن، بیوقوف د وست سے بہتر ہے، انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے، سی پیک سے متلعق بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، چین اور سی پیک کےخلاف پرویز خٹک،اسد عمر اورعمران خان نے دشنام طرازی کی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اتوار کو ایوان میں ان کی سیاست کا خاتمہ ہوگا، وہ اچھی طرح جانتے ہیں ان کو ایوان میں شکست فاش ہوگی، ان کی کیفیت اس وقت ڈوبتے کو تنکے کا سہارا جیسی ہے، ایسے ہی کسی سہارے کی تلاش میں وہ ایسی حرکتیں کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ 4 سالوں کے دوران عمران نیازی کے دور حکومت میں اربوں روپے کی کرپشن کے اسکینڈلز آئے مگر ایک کیس بھی تحقیقات کے لئے نیب کونہیں بھیجا گیا۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ دوسری جانب انہوں نے ہمارے خلاف کئی کیسز کی تحقیقات کی گئیں، لندن میں بھی میرے اور میرے بیٹے کے خلاف کیسز کیے مگر کچھ ثابت نہیں کرسکے، ہم نے کرپشن کے خاتمے کا اعلان نہیں کیا اورکبھی ڈھنڈورا نہیں پیٹا،قوم کے کھربوں روپے منصوبوں میں بچائے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے معاشرے میں گالی گلوچ اور دشنام طرازی کا کلچر عمران نیازی نے متعارف کرایا وہ افسوسناک ہے، وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اپوزیشن کے بارے میں جو کچھ کہا اس پر ان کو شرم آنی چاہئے، وزیراعظم کو چاہئے کہ اپنے گریبان میں جھانکیں کیوں کہ اپوزیشن کےخلاف ایک دھیلا بھی نہیں ملاہے.انہوں نے کہاکہ احتساب کے نعرے کے ساتھ مخالفین کو بد ترین سیاسی انتقام کا بشانہ بنایا گیا، حکومت ایک مقدمے کے شواہد سامنے نہیں لا سکی، موجودہ حکمرانوں دشنام طرازی کی مگر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، احتساب کا بیانیہ دم توڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں۔ عثمان بزدار کو ہٹانا سیاسی سمجھوتہ۔اتوارکوبڑاسرپرائز دوں گا۔ عمران خان