پہلے ہی کہہ دیا تھا سیاست شہباز شریف کی چلے گی نواز شریف کی نہیں, شیخ رشید احمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا سیاست شہباز شریف کی چلے گی نواز شریف کی نہیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے تین مقدمات کی تین تین نقول ہمیں فراہم کر دی گئی ہیں، ہمارے خلاف 9 مئی کے 17 کیس چل رہے ہیں، 11 کیس دہشتگردی عدالت میں ہیں وہاں آئندہ سماعت پر بھی پیش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی سیاست اس جگہ چلی گئی ہے جہاں اب شہبازشریف کی سیاست ہے، بہت پہلے کہا تھا ’ن‘ میں سے ’ش‘ نکلے گی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت جنہوں نے چلانی ہے انہوں نے چلانی ہے، بیگناہ لوگوں کو رہائی ملنی چاہیے، جیلیں بھری ہوئی ہیں، ہماری خاموشی رنگ لائے گی، اپنا دفاع کریں گے، ہم رہائی کی بھیک نہیں مانگ رہے۔
یہ بھی پڑھیں:شاہین آفریدی کو پی سی بی نے ٹوئٹ کرنے سے روک دیا
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں غریب کا چولہا جلے، پاکستان کو آگے جانا چاہیے کیونکہ غریب کی حالت بہت خراب ہے، 27 رمضان کو مقتدر حلقے غریب لوگوں کیلئے معافی کا اعلان کریں۔