(24 نیوز) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے روشن مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاروں کو نگران حکومت ہی نہیں، آئندہ منتخب ہونیوالی حکومت بھی ہرممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
یہ بات انہوں نے سعودی عرب کے نائب وزیر برائے کان کنی، صنعت و معدنیات خالد بن صالح المدفر اور سعودی وفد سے ملاقات کے دوران کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب کی ہر مشکل وقت میں مدد پر سعودی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہے، پاکستان آپکا دوسرا گھر ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔
میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد پر انکی مشکور ہے۔
ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری منصوبوں کی فوری و بلاتعطل تکمیل یقینی بنائے گی۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، حکومت کا 10 ہزار میگاواٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بھی بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین موقع ہے۔
اس موقع پر سعودی نائب وزیر برائے کان کنی، صنعت و معدنیات خالد بن صالح المدفر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ایک مثبت اور اہم پیغام ہے، سعودی عرب پاکستان کے شعبہ معدنیات میں موجود وسیع مواقع میں سرمایہ کاری کی گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جنگیں مسائل کا حل نہیں،وزیراعظم،بھارت کو پھرمذاکرات کی پیشکش
ملاقات میں خالدبن صالح المدفر نے وزیرِ اعظم کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سہولت کے اقدامات اور SIFC کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا. انہوں نے مزید کہا کہ SIFC کا قیام حکومت کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک سنجیدہ اقدام ہے جو پاکستان کی معیشت کی ترقی کا باعث بنے گا۔
ملاقات میں وفاقی وزراء انجینئیر مخدوم مرتضی محمود، خرم دستگیر، وزیرِ مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، معاون خصوصی تسنیم احمد قریشی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سعودی وفد میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، عبداللہ موفتر الشمرانی چیئرمین سعودی جیولاجیکل سروے، عبدالرحمن خالد البیلوشی نائب وزیر برائے کان کنی صنعت اور اعلیٰ سعودی حکام شام تھے۔