(24 نیوز)تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کور کمیٹی نے پرویز خٹک کو پارٹی چیئرمین جبکہ محمود خان وائس چیئرمین منتخب کرلیا،ضیااللہ خان بنگش کو پارٹی انفارمیشن سیکرٹری نامزد کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرین کور کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت پرویز خٹک پشاور میں منعقدہوا،اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سمیت کور کمیٹی ممبران نے شرکت کی،اجلاس میں کور کمیٹی نے متفقہ طور پر پرویز خٹک کو پارٹی چیئرمین جبکہ محمود خان وائس چیئرمین منتخب کرلیا،کور کمیٹی نے ضیااللہ خان بنگش کو پارٹی انفارمیشن سیکرٹری نامزد کردیا۔
سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں تمام ممبران کو آج اس اجلاس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں،آج کا ہمارا اکٹھا ہونا اس بات کا امر ہے کہ ہم سب اس ملک اور خصوصاًخیبر پختونخوا میں امن چاہتے ہیں اور امن اور خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پارٹی پرویز خٹک نے کہاکہ آنے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرین تمام حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی،ہماری پارٹی میں سب کےلئے دروازے کھولے ہیں پارٹی میں شمولیتی پروگرام شروع ہیں اس کے علاوہ باقی پارٹیوں کے ساتھ بھی ہم اتحاد کرسکتے ہیں،پرویز خٹک نے کہاکہ انتخابات کی تیاری کیلئے19 اگست سے نوشہرہ میں پہلا جلسہ منعقد کرکے ہم اپنی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔
کور کمیٹی نے مانسہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، سوات، کوہستان، ہنگو، پشاور، مردان، بونیر، ایبٹ آباد میں جلسے منعقد کی منظوری دیدی،اس کے علاوہ پارٹی کے آئین منشور اور اغراض و مقاصد کا بھی کور کمیٹی نے جائزہ لیا، مزید کام کیلئے کمیٹی کو ٹاسک حوالے کردیا گیا۔
کور کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرین کے سلوگن امن، ترقی اور خوشحالی کی منظوری دیدی، پرویز خٹک نے کہاکہ ہمارا مقصد پاکستان اور خصوصاًخیبر پختونخواہ میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، جس کیلئے ہم ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ریاستی اداروں کے ساتھ جنگ نہیں بلکہ ان کومضبوط کرنا ہے، ان کا کہناتھا کہ ہم نے اس صوبہ میں پہلے بھی عوام کی خدمت بھرپور انداز میں کی ہے اور آگے بھی اپنی خدمات کا سلسلہ اس صوبہ اور ملک پاکستان کیلئے بھرپور طریقہ سے ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:گرمی کی چھٹی، محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کردی