وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ پشاور، باجوڑ دھماکے سے متعلق بریفنگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پشاورکا دورہ کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال سمیت خار خودکش دھماکے، زیر تفتیش تحقیقات پر پیش رفت، منصوبہ سازوں ، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے درمیان روابط کے خاتمے اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے خودکش دھماکوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے، سرحد پار سے معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور پاکستان دشمن عناصر کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبا ز شریف نے کہاکہ افغان عبوری حکومت کو اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
وزیراعظم نے زخمی افراد کو خار سے پشاور منتقل کرنے کیلئے پاک آرمی کی ہنگامی کاوشوں کو سراہا،وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف نے زیر علاج زخمی افراد کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ کا دورہ بھی کیا اور ان سے صحت کے بارے میں دریافت کیا،وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو مکمل صحت یابی تک علاج معالجے کی ہر بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے خار خودکش دھماکہ کے متاثرین کے خاندانوں کو یقین دلایا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے نقصان میں برابر کی شریک ہے، وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے،قوم کے تعاون سے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
قبل ازیں کور کمانڈر پشاور نے وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کا پشاور پہنچنے پر استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گرمی کی چھٹی، محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کردی