(24 نیوز)سابق فلسطینی وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ تہران میں ادا کردی گئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
حماس کے سربراہ اسمٰاعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی، نماز جنازہ تہران یونیورسٹی میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسمٰعیل ہنیہ کو جمعہ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، اسمٰعیل ہنیہ پر تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔
برطانوی نشریاتی ادارے میں شائع رپورٹ کے مطابق سعودی میڈیا الحدث نے کہا ہے کہ حماس کے رہنما اسمٰاعیل ہنیہ کی تہران میں رہائش گاہ کو مقامی وقت کے مطابق رات 2:00 بجے کے قریب ایک گائیڈڈ میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسمٰاعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا، یہ حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، جس کا بدلہ لیں گے۔