لاہور: بارش کا44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،ہسپتال ڈوب گئے

Aug 01, 2024 | 13:00:PM

(24نیوز)لاہور میں طوفانی بارش، شہر کے ہسپتال پانی میں ڈوب گئے، میو، جنرل، سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں پانی داخل، مختلف وارڈز میں بھی پانی جمع ہوگیا۔

 ہسپتال میں پانی داخل ہونے کے باعث ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملہ بھی مشکلات کاشکار، جنرل ہسپتال کی پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔

لاہور میں آج ہونے والی موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔  رواں مون سون میں ہونے والا یہ دوسرا بڑا بارش کا سپیل ہے جس میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور میں ائیرپورٹ کے علاقے میں 353 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ  دنوں ہونے والی سب سے زیادہ بارش 315 ملی میٹر تاجپورہ میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

لاہور میں موسلا دھار بارش سے بجلی کا ظام متاثرہوا اور 407 فیڈر ٹرپ کرگئے۔ فیڈر ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث شہر کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بجلی کی بندش سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

موٹروے پولیس ترجمان کے مطابق  قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے مقامات پر بارش ہو رہی ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش ہے۔ عوام سے انتہائی ضرورت کے تحت سفر کرنے اور دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

مزیدخبریں