بین الاقوامی یوتھ آرٹ فیسٹیول :فن خطاطی میں پاکستان کی پہلی پوزیشن

Aug 01, 2024 | 18:06:PM

(24 نیوز )ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے چوتھے بین الاقوامی یوتھ آرٹ فیسٹیول   میں فن خطاطی میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ۔

تفصیلات کے مطابق حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان خطاط محمد اشرف ہیرا نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے فن خطاطی میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ، پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر پاکستانی نوجوان کو ترکی کے وفاقی وزیر نے شیلڈ  ایوارڈ  اور سر  ٹیفکیٹ سے نوازا،بین الاقوامی یوتھ آرٹ فیسٹیول میں 44  ممالک کے نوجوان آرٹسٹوں کے مابین فائن آرٹس کے مختلف شعبوں پر مبنی مقابلے ہوئے جس میں شعبہ فن خطاطی میں متعدد عالمی مقابلے جیتنے والے محمد اشرف ہیرا کی بدولت پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

 مقابلے میں ترکی نے دوسری اور شام سے تعلق رکھنے والے خطاط نے تیسری پوزیشن حاصل کی،جبکہ سعودی عرب،  عراق، انڈونیشیا، ایران، الجیریا اور متحدہ عرب امارات نے حوصلہ افزائی کے ایوارڈز حاصل کیے،  یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہونہار نوجوان خطاط محمد اشرف ہیرا کو سب سے زیادہ عالمی مقابلے جیتنے والے خطاط کا اعزاز حاصل ہے جو کہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پربہت بڑے اعزاز اور عزت کا باعث ہے۔

معزز ججز صاحبان نے پاکستانی نوجوان کی صلاحیتوں کی خوب تعریف کی اور اس کے تخلیق کردہ فن پاروں کو خوب سراہا۔ 

مزیدخبریں