(وقاص عظیم )شوگر ایڈوائزری بورڈ نے کابینہ کمیٹی کو 40 ہزار میٹرک ٹن چینی تاجکستان کو برآمد کرنے کی سفارش کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق شوگر ایڈوائزری بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے مانیٹرنگ شوگر ایکسپورٹ کا مشترکہ اجلاس وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وزارت صنعت و پیداوار چینی کی برآمد کا معاملہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو پیش کرے گی، رانا تنویر حسین نے بتایا کہ ای سی سی کو ملک میں شوگر انڈسٹری کی تازہ ترین اپ ڈیٹس کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، چینی کی برآمد کی اجازت منسوخ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ای سی سی کرے گی، شوگر ایڈوائزری بورڈ نے 40 ہزار میٹرک ٹن چینی تاجکستان کو برآمد کرنے کی سفارش کر دی، شوگر ایڈوائزری بورڈ نے ایکسپورٹ کی مدت 45 دن سے بڑھا کر 60 کرنے کی سفارش کر دی ہے ۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی کا کہنا ہے کہ چینی کی ایکس ملز قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، چینی کی رٹیل پرائس سے کوئی تعلق نہیں، حکومت ریٹیل قیمت برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرے۔