شاہ محمود پی ڈی ایم کے حق میں بول پڑے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ حکومت کو اپوزیشن کو جلسوں کی اجازت دے دینی چاہئے ، قاسم باغ جلسے کو ہرگز نہیں روکنا چاہئے تھا،گوجرانوالہ کا جلسہ ہوا تو کیا ہو گیا تھا؟ اپوزیشن اتحاد قاسم باغ میں جلسہ کرتا تو ان کی قلعی کھل جاتی ان کے پاس اتنے لوگ نہیں تھے۔ اسی جگہ عمران خان نے لاکھوں لوگوں کے ساتھ جلسہ کیا تھا۔
انہوں نے کہاملتان جلسے کو مس ہینڈل کیا گیا، گرفتاریوں کا کوئی جواز نہیں تھا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری نظر میں شدید ردعمل دینے کی کوئی ضرورت نہیں، اگر یہ جلسے کرنا چاہتے ہیں تو کرنے دیں، عوام خود فیصلہ کریں گے۔ پنجاب حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے، میں سیاسی قیادت کے ساتھ اپنی رائے کو شیئر کروں گا۔
شاہ محمود نے کہاکہ کورونا کی صورتحال تشویشناک ہے۔ روزانہ چالیس کے قریب کورونا سے اموات ہو رہی ہے۔ اپوزیشن سے کہا ہے کچھ وقت کے لئے جلسوں کو ملتوی کر دے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ملک میں افراتفری کا ماحول پیدا کر رہی ہے۔ ملکی معیشت بحالی کی طرف جا رہی ہے لیکن دوسری جانب اپوزیشن لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔