بھارت کشمیر میں اپنی ریاستی دہشتگردی اور زبردستی قبضہ ختم کرے

Dec 01, 2020 | 00:22:AM
بھارت کشمیر میں اپنی ریاستی دہشتگردی اور زبردستی قبضہ ختم کرے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان نے او آئی سی قراردادپربھارتی بیان مستردکردیا، ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہناہے کہ اوآئی سی کی جموں وکشمیر پرمتفقہ قراردادوزرائے خارجہ اجلاس میں منظور کی گئی ہے،بھارت کشمیر میں اپنی ریاستی دہشتگردی اور زبردستی قبضہ ختم کرے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ او آئی سی کی جموں و کشمیر پر متفقہ قرارداد پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہیں،ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہاہے کہ قرارداد نیامے میں او آئی سی کے 47ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں منظور کی گئی،او آئی سی مسلم امہ کی اجتماعی آواز ہے،او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دوسری بڑی عالمی تنظیم ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ او آئی سی کے 57 رکن ممالک اور 5 مبصرین ریاستیں ہیں،جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل ایجنڈا پر دیرینہ مسئلہ ہے،یہ مسئلہ ابھی تک بھارت کی اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل نہ کرنے اور انتشارپسندی کے باعث حل طلب ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت نے پاکستان، کشمیریوں اور بین الاقوامی برادری سے کئے گئے وعدے بھی پورے نہیں کئے،او آئی سی کی تازہ ترین قرارداد بھارت کے جموں و کشمیر کو اندرونی مسئلہ قرار دینے کی سخت تردید ہے،او آئی سی قرارداد اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ بھارت کشمیری عوام کے انسانی حقوق اور ان کے استصواب رائے کے حق کی منظم خلاف ورزی کو چھپا نہیں سکتا۔ترجمان کامزید کہناہے کہ بھارت کشمیر میں اپنی ریاستی دہشتگردی اور زبردستی قبضہ ختم کرے،بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔