(24نیوز)لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں3 ماہ تک جاری رہنے والی معطلی کے بعدآج 24 نیوز کی ترسیل دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ ٹی وی چینل نے سمجھوتہ کئے بغیر لوگوں کے ساتھ سچائی کا تبادلہ جاری رکھنے کا عزم کیا۔عوام کی بڑی تعداد نے24 نیوزایچ ڈی چینل کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس محمود مرزا ، جسٹس محمد عامر بھٹی اور جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے 24 نیوز ایچ ڈی کی جانب سے دائر درخواست پرچینل کی بحالی کا حکم جاری کیا۔
واضح رہے کہ پیمرا نے 30 اگست کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعہ ٹی وی چینل کی ترسیل معطل کرنے کے بعد معاملہ عدالت کو منتقل کردیا تھا۔بعد ازاں پیمرا نے ٹی وی چینل کو سیٹلائٹ سے نشر کرنا بند کردیا تھا جس سے ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔عوام کی رائے میں پیمرا کے اس اقدام نے آزادی صحافت کو نقصان پہنچایا ہے۔