(24نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے اقدام کے خلاف ایم کیو ایم نے نئی آئینی درخواست تیار کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی کی تشکیل کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل کو بھی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔ایم کیو ایم کے ضلع غربی سے تعلق رکھنے والے 4 اراکین اسمبلی نے ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل کے خلاف آئینی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرا دی، یہ درخواست وکیل سلمان مجاہد بلوچ نے جمع کرائی ہے۔ایم کیو ایم نے درخواست میں چیف سیکریٹری سندھ، اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکشن افسر فائیو لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا ہے۔
ذرائع کے مطابق :حکومت سندھ نے نئے ضلع کیماڑی میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن قائم کردی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہے اور اس کا نوٹیفیکیشن غیر قانونی ہے، ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل ایس ایل جی اے 2013 شق 8 کی ذیلی شق 3 اور 4 سے متصادم ہے۔اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ ضلع کیماڑی کی تشکیل کے حوالے سے معاملہ عدالت میں پہلے ہی زیر سماعت ہے اس کے باوجود سندھ حکومت نے ڈی ایم سی کیماڑی اور اثاثہ جات کی تقسیم کا نوٹیفیکیشن جاری کیا، پیپلز پارٹی کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ دونوں نوٹیفیکیشن کو فی الفور معطل کیا جائے۔