لاہور کا جلسہ نہیں روکیں گے،شبلی فراز ۔۔۔ پابندی ہے، ڈپٹی کمشنر

Dec 01, 2020 | 19:17:PM
 لاہور کا جلسہ نہیں روکیں گے،شبلی فراز ۔۔۔ پابندی ہے، ڈپٹی کمشنر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز )وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ جلسے جلوسوں پر پابندی لیکن پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ نہیں روکیں گے بلکہ کسی کو بھی جلسے سے نہیں روکیں گے۔عوام ان لوگوں کا خود احتساب کریں گے۔شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی کرپشن بچانے کے لیے ناٹک کر رہی ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے لیکن ملک میں کھلم کھلا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ، یہ سلسلہ جاری رہا تو مسائل بڑھیں گے۔
تفصیلا ت کے مطا بق وفا قی وزیر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، ایسے وقت میں جلسے نہ معیشت کے مفاد میں ہیں نہ ملک کے، بلکہ یہ جلسے صحت عامہ کو خطرات سے دوچار کررہے ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جلسے جلوسوں پر پابندی کے باوجود عوام کو کورونا میں جھونک رہی ہے، کل ملتان کا جلسہ مکمل طور پر ناکام تھا، اور اس میں بھی مریم نواز سمیت تمام رہنماو¿ں نے جھوٹ بولے، ملتان کے عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا اور اس میں شرکت نہیں کی، اس جلسے کے لیے 3 ہزار لوگ سندھ سے لائے گئے تھے، اس وبا میں ضابطہ کار کی خلاف ورزی جاری رہی تو مسائل بڑھیں گے۔
دوسری جانب لاہور انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہیں دے رہے کیونکہ حکومت کی جانب سے پنجاب بھر میں جلسوں پر پابندی ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون کی جانب سے جلسے کی درخواست موصول ہوئی ہے لیکن کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اجازت نہیں دی جاسکتی۔