کورونا کا نیا ویرینٹ: این سی او سی کا نیا ہدایت نامہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)نئے ویرینٹ ’اومی کرون‘ کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے شادی ہالز، مزارات اور دفاتر کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، بہترین ویکسی نیشن والے شہروں میں کوئی مخصوص کورونا ایس او پیز لاگو نہیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے ویکسی نیشن کرانے میں پاکستان کے 40 شہروں کو بہترین یا بہتر قرار دیا گیا ہے۔ نارووال، جہلم، اسلام آباد، منڈی بہاوالدین، پشاور، بھمبر، باغ، میرپور آزاد کشمیر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غذر اور شگر کو 50 فیصد سے زیادہ ویکسی نیشن کے باعث بہترین قرار دیا گیا ہے۔
این سی او سی نے 40 سے 50 فیصد سے زائد ویکسی نیشن کرنے والے 27 شہروں کو بہتر قرار دیا گیا ہے، ان شہروں میں راولپنڈی، ملتان، سرگودھا، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، چکوال، حافظ آباد اور لودھراں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہاڑی، رحیم یار خان، کراچی، سکھر، سانگھڑ، صوابی، چترال، چارسدہ، اورکزئی، کرم، مظفر آباد، نیلم، حویلی، گھانچے، نگر اور کھرمنگ کو بھی بہتر ویکسی نیشن والے شہر قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے بعد اومی کرون کی انٹری۔۔الرٹ جاری
این سی او سی کے مطابق ملک کے دیگر شہروں میں ویکسی نیشن 40 فیصد سے کم ہے، بہترین ویکسی نیشن والے شہروں میں زندگی معمول کے مطابق بحال رہے گی
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق بہترین ویکسی نیشن والے شہروں میں کوئی مخصوص کورونا ایس او پیز لاگو نہیں ہوں گی اور زندگی معمول کے مطابق بحال رہے گی تاہم ان شہروں میں ماسک، سماجی فاصلہ اور سینیٹائزیشن ضروری ہو گی۔
این سی او سی کے مطابق بہترین ویکسی نیشن والے شہروں میں ڈائننگ، شادی کی تقریبات، مزارات، دفاتر اور جم کیلئے مکمل ویکسی نیشن لازمی ہو گی اور ٹرانسپورٹ 100 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جا سکے گی، ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بہتر ویکسی نیشن والے شہروں میں ان ڈور تقریبات میں 500 تک افراد کی اجازت ہو گی جبکہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 1000 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں لاک ڈاون کیلئے کوئی دن مخصوص نہیں ہو گا تاہم ملک کے بارڈرز پر لاک ڈاون برقرار رہے گا، سیاحتی علاقوں کیلئے ویکسین شدہ افراد کی پالیسی برقرار رہے گی اور بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئے نئی پالیسی کا اطلاق ہوگا۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی نئی پالیسیوں کا اطلاق یکم دسمبر سے 15 دسمبر تک نافذالعمل رہے گا جبکہ ملک میں کورونا کی صورتحال کا آئندہ جائزہ اجلاس 14 دسمبر کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے 9 افراد جاں بحق ،چوتھی لہر میں کمی