(24 نیوز) ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 15 دسمبر تک بڑھا دی گئی۔ ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر میں گزشتہ رات تک 30 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے جمع ہونے کی توقع تھی، گزشتہ سال اسی دورانیے میں مجموعی طور پر 28 لاکھ گوشوارے جمع ہوئے، ایف بی آر کے سسٹم میں ایک روز میں 6 لاکھ گوشوارے وصول کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
اس سے قبل ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ 30 نومبر تھی مگر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ صدر لاہور ٹیکس بار نعمان یحییٰ، جنرل سیکرٹری مرزا مبشر بیگ نے 31 دسمبر تک توسیع کیلئے خط بھی لکھا۔
صدر لاہور ٹیکس بار نعمان یحییٰ نے کہا کہ سیون ای کی ترمیم کے بعد ٹیکس گزاروں کو مزید 90 دن کا وقت ملنا چاہیئے، ایف بی آر نے تاحال سسٹم کی تکنیکی خامیاں بھی دور نہیں کیں۔