(ویب ڈیسک) اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ میں حملے کے دوران ہونے والی شدید جھڑپوں میں 2 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
رواں ہفتے کے آغاز میں مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے پُرتشدد واقعات کے دوران اب تک 6 فلسطینی علیحدہ علیحدہ واقعات میں مارے جاچکے ہیں۔
رواں برس کے آغاز میں اسرائیل میں سڑکوں پر ہونے والے حملوں کے بعد اسرائیل نے مغربی کنارے میں تقریباً روزانہ چھاپوں میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے جن میں سے اکثر مہلک جھڑپوں میں تبدیل ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ رواں برس 210 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو اگست میں غزہ میں ایک مختصر تنازع کے دوران شہید ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوجی اعداد و شمار کے مطابق اسی دوران اسرائیل اور مغربی کنارے میں حملوں میں 23 شہری اور 8 سیکیورٹی اہلکار مارے گئے، ان اعداد و شمار کے مطابق 136 فلسطینی بھی مارے گئے لیکن ان میں غزہ میں ہونے والی شہادتیں شامل نہیں ہیں۔