(24نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایف بی آر نے ماہانہ اور پانچ ماہ کا ٹیکس ہدف عبور کرلیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نومبر میں 537 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 538.4 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا،جولائی سے نومبر تک 2680 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 2688 ارب روپے جمع کئے گئے ۔
دوسری جانب وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 5سال میں سود سے پاک کیا جا سکتا ہے، سود کی حرمت کے حوالے سے کراچی میں ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ملک سے سودی نظام کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور شرعی عدالت کے سود کو حرام دینے سے متعلق فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلامی بینکاری نظام کے حوالے سے ہم آج بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں 2018ءمیں کھڑے تھے اگر ہم خلوص نیت سے صرف اللہ کی رضا کیلئے فیصلہ کریں تو 5 سال میں ملک سے سود کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک میں اسلامی بینکاری 20سے 21فیصد ہو چکی ہے اور اسلامی بینکنگ کے اثاثے 7ٹریلین روپے کی سطح پر پہنچ چکے ہیں، ہمیں اسلامی بینکنگ کی پراڈکٹس کو سستا کرنا ہو گا۔ میوچل فنڈز اور انشورنس کو اسلامی بنیاد پر لانا ہو گااور اسلامی بینکوں کو روایتی بینکوں سے زیادہ بہتر کارکردگی دکھانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کوشش کی جا رہی ہے کہ ہر شخص کو بینکاری نظام سے وابستہ کیا جائے۔