آئی پی ایل سے بنگلہ دیشی کرکٹرز کو لال جھنڈی دکھانے کی وجہ سامنے آگئی

Dec 01, 2024 | 00:19:AM
آئی پی ایل سے بنگلہ دیشی کرکٹرز کو لال جھنڈی دکھانے کی وجہ سامنے آگئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)آئی پی ایل سے بنگلہ دیشی کرکٹرز کو شامل نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی، رپورٹس کے مطابق سیاسی کشیدگی کے باعث آئی پی ایل سے بھارت نے بنگلہ دیشی کرکٹرز کی چھٹی کر دی ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن 2025 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی  تقریب گزشتہ دنوں سعودی عرب کے شہر جدہ میں شروع ہوئی جس میں فرنچائزز  نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بہترین کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے میں خریدا۔ نیلامی میں کروڑوں روپوں کی بولیاں لگا ئی گئیں تاہم دنیا بھر خصوصاً بنگلہ دیشی فینز کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اس بار آئی پی ایل کی کسی ٹیم نے بھی کسی بنگلہ دیشی کھلاڑی کو خریدنے میں دلچسپی نہیں دکھائی، اس طرح آئی پی ایل سیزن 2025 میں پاکستانی کرکٹرز کی طرح بنگلہ دیش سے بھی کوئی کرکٹر ایونٹ کا حصہ نہیں ہوگا۔


بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے 12 کھلاڑیوں کو نیلامی کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جن میں سے صرف 2 کھلاڑیوں کے نام نیلامی میں آئے لیکن کسی بھی فرنچائز نے ان 2 کھلاڑیوں ( مستفیض الرحمان اور  رشاد حسین)پر بولی نہیں لگائی۔ اگست میں بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تھا جس کے بعد وہ فرار ہوکر بھارت چلی گئیں۔ حسینہ واجد کی بھارت میں موجودگی کو بنگلہ دیش میں اچھی نظر سے نہیں دیکھا جارہا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل میں بنگلادیشی کھلاڑیوں کو منتخب نہ کرنا ممکنہ طور پر بھارت اور بنگلادیش کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باعث ہوا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاملات پر تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔