(24 نیوز) ملک کے بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ کئی شہروں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم سرما کی آمد کا اعلان کردیا، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، ناران میں برفباری کے باعث راستے بند کردیے گئے جس کے باعث سیاحوں کو آگے جانے سے روک دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان ، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ،کشمیر اورخطہ پوٹھو ہار میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،جبکہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں ملتان کا آج پہلا، لاہور کا دوسرا اور کراچی کا تیسرا نمبر ہے۔
پنجاب کے چند میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں سموگ اور دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، اس کے علاوہ وادی کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، زیارت میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے جس سے سردی کی شدت مزید بڑھے گی۔ بالائی علاقوں میں برفباری سے وادیوں کا حسن مزید نکھرگیا جبکہ یخ بستا ہواؤں نے ڈیرے جمانا شروع کردیے۔
بلوچستان میں زیارت، پشین، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان اور خضدار میں بارش ہوئی، بلوچستان سے آنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے سندھ کا موسم بھی تبدیل کردیا جبکہ جیکب آباد، قمرشہداد کوٹ میں بارش سےعوام کے چہرے کھل اٹھے۔
سیاحوں کے ناران سے آگے جانے پر پابندی
دوسری جانب پنجاب میں چنیوٹ، سیالکوٹ، علی پور اور ملحقہ علاقوں میں رم جھم نے موسم گرما کی چھٹی کردی، شدید برفباری کے باعث ناران میں سیاحتی سیزن اختتام پزیر ہوگیا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کے ناران سے آگے جانے پر پابندی لگادی۔بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 6 تک جاپہنچا۔
پاکستان کے آلودہ شہروں میں ملتان کا آج پہلا نمبر
اس کے علاوہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں ملتان کا آج پہلا نمبر ہے جہاں صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈکس 287 تک پہنچ گیا جبکہ لاہور کا دوسرا نمبر ہے جہاں اے کیو آئی 217 ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح کراچی تیسرے نمبر پر ہے جہاں صبح سویرے ایئرکوالٹی انڈکس 208 ریکارڈ کیا گیا۔