(24نیوز)مانسہرہ میں شدید برفباری کے بعد وادی کاغان کو سیاحوں کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال نے کہا کہ صوبے کو گلگت بلتستان سے ملانے والی شاہراہ ناران سے چلاس تک برفباری کے سبب بند ہے، مانسہرہ میں درجہ حرارت انتہائی کم ہونے اور موسمی خطرات کے پیش نظر کاغان سے ناران تک علاقہ کو سیاحوں کے لئے بند کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناران سمیت گردونواح میں تمام ہوٹلز بھی بند کر دئیے ہیں ،مانسہرہ میں موبائل اور بجلی سمیت دیگر سہولیات بھی معطل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وادی مانسہرہ کے بالائی مقامات پر قائم تمام پولیس پوسٹیں بھی ختم کر دی گئی ہے ، ضلعی انتظامیہ کی وارننگ کی خلاف ورزی کرنے والے سیاح موسمی
خرابی سے مصیبت میں پھنس سکتے ہیں ،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مانسہرہ ناران کو اب اپریل میں سیاحوں کے لیے کھولا جائے گا۔