(24 نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں اور خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے آٹھ خوارج کو جہنم واصل کرنے اور گیارہ کو زخمی کرکے حراست میں لینے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاک فوج کے افسران و اہلکار اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک کی دشمنوں سے حفاظت میں مصروف عمل ہیں،مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں پر فخر ہے،پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی،دہشتگردوں اور ملک دشمنوں کے پاکستان میں انتشار کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،اپنے مستقبل کو اس ملک پر نچھاور کرنے والے جری و بہادر جوان اور ایثار کے جذبے سے سرشار انکے اہل خانہ پوری پاکستانی قوم کا فخر ہیں،دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زہیب الدین اور سپاہی افتخار حیسن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاک فوج کے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعاکی۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج میں مفرورملزم مراد سعید کی موجودگی کا انکشاف
دوسری طرف وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےبھی خیبرپختونخوامیں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے 8خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ 8خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے،خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے،قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے، انہوں نے آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین کو خراج عقیدت پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ کیپٹن زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین نے شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہوئے،شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔