(24 نیوز)امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےوفادار ساتھی بھارتی نژاد شہری کشیپ کاش پٹیل کو وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کا سربراہ منتخب کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے سربراہ جیسی اہم اور حساس ذمہ داری کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی نگاہِ انتخاب اپنے وفادار اور اسٹیبلشمنٹ کے ناقد پر ٹھہری ہے،کاش پٹیل بھارتی نژاد شہری ہیں جو پیشے کے اعتبار سے وکیل اور تفتیش کار ہیں، ٹرمپ نے وفادری کا حق ادا کرتے ہوئے کاش پٹیل کو ’’ امریکا فرسٹ فائٹر‘‘ قرار دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ کاش پٹیل ایک شاندار وکیل، اور تفتیش کار ہیں جنھوں نے اپنا کیریئر کرپشن کو بے نقاب اور امریکیوں کی حفاظت میں صرف کیا ہے،44 سالہ کشیپ کاش پٹیل متعدد بار اپنے آبائی وطن بھارت کے ساتھ گہرے تعلق کا اظہار کرتے آئے ہیں،کشیپ کاش پٹیل نیویارک میں گجراتی والدین کے ہاں پیدا ہوئے تھے جن کے بارے میں کہنا تھا کہ وہ مشرقی افریقہ میں پلے بڑھے ہیں۔
کشیپ کاش پٹیل نے یونیورسٹی آف رچمنڈ سے گریجویشن اور لندن کی یونیورسٹی کالج سے انٹرنیشنل لا میں قانون کی ڈگری حاصل کی،وہ قائم مقام سیکرٹری دفاع کرسٹوفر ملر کے سابق چیف آف سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔