اپوزیشن کو دیوار سے لگانا ٹھیک نہیں،فواد چودھری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بڑی تلخیاں ہیں اور اتنی تلخیوں میں مذاکرات نہیں ہوتے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کل بڑے لوگوں کے خواب چکنا چور ہوئے ہیں۔ میں تو پہلے ہی کہہ رہا تھا کہ سب لوگ اپنی اپنی تنخواہوں پر کام کریں گے، ہمیں سیاسی شعور اور پاکستان میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا حکومت کا مؤقف نہیں ہونا چاہیے، ہمیں الیکشن کے سسٹم میں اصلاحات چاہئیں، عدالتی تقرری اور گورننس سسٹم میں بھی اصلاحات چاہئیں۔ان کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد مسائل کے حل کا اختیار وفاق کے پاس نہیں ہے، سندھ حکومت کو 16 ارب روپے وفاق نے دیے لیکن کوئی میکینزم نہیں کہ جانچ ہو سکے کہ وفاق سے جانے والا پیسہ استعمال بھی ہو رہا ہے یا نہیں، 18 ویں ترمیم میں اچھی چیزیں بھی ہیں لیکن 18ویں ترمیم کرنے والے لوگوں نے سوچا سمجھا ہی نہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےانہوں نے کہا کہ جتنا نقصان نواز شریف نے پنجاب کو پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا، تیسری بار وزیراعظم کی ترمیم ختم کرنے کے نتیجے میں نواز شریف نے پنجاب کی پیٹھ میں خنجر گھونپا۔
بھارت میں کسانوں کے احتجاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کسان حق اور سچ کے لئے کھڑے ہیں، بھارت کہہ رہا ہے پاکستان نے لاکھوں کسان باہر نکالے ہیں، اگر ہمارے کہنے پر بھارت میں کسان باہر نکل آئے ہیں تو پھر تو بھارت کو پاکستان سے بچ کر رہنا چاہیے۔ مودی سرکار جو کر رہی ہے وہ پاکستان کے لئے نہیں پوری دنیا کےلئے خطرہ ہے، ہٹلرکی طرز پر مودی حکومت مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔