اپوزیشن اوپن بیلٹ سے الیکشن کرانے کی تجویز سے بھاگ رہی ہے: وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کرکے سیٹیں حاصل کرنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز سے بھاگ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی و معاشی صورت حال پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میثاق جمہوریت میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے اوپن بیلٹ کی تجویز پر اتفاق کیا تھا۔ آج شفاف انتخابات میں سب سے بڑی رکاوٹ خود اپوزیشن جماعتیں بن رہی ہیں۔اجلاس میں حکومتی رہنماؤں کو سرکاری زمینوں پر قبضوں کے خلاف جاری آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن سے مسلم لیگ ن کو سب سے زیادہ مسئلہ ہے اس سے واضح ہوچکا کہ قبضہ مافیا اپوزیشن رہنماؤں کی اے ٹی ایم مشینیں ہیں، گزشتہ حکومتوں کی پشت پناہی سے مافیا سرکاری زمینوں پر قابض ہوا، یہ لوگ سرکاری زمینوں سے کمائی کے پیسے سے سیاست کرتے رہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف نے اپنے ڈونرز کا مکمل ریکارڈ پیش کر دیا ہے اور تحریک انصاف نے کسی حکومت یا این جی او سے پیسے نہیں لئے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کو مختلف ممالک اور شخصیت نے فنڈنگ کی۔ حقیقی فارن فنڈنگ تو نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان لیتے رہے، ان کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں، الیکشن کمیشن میں وہ بے نقاب ہونگے۔مہنگائی کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ شدید مہنگائی کی لہر پر قابو پالیا اور اشیاء کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، آج افراط زر اس سطح سے کم ہے جس سطح پر ہم نے حکومت سنبھالی تھی، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ عوام کو منتقل کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختوخوا یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے، صوبے کے ہر شہری کو مفت صحت سہولیات دینا ہماری حکومت کا بڑا کارنامہ ہے، خیبرپختوخوا کے بعد پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔