(24 نیوز)وزیر مملکت زرتاج گل کا کہنا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متعلق درست سمت بڑھ رہا ہے، کوشش ہے اپنی گاڑیوں کو 2030 تک الیکٹرک گاڑیوں پر تبدیل کرا دیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت ماحولاتی تبدیلی نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فضائی آلودگی کوئی سیاسی بحث کا موضوع نہیں، پاکستان دنیا کے جس خطے پر واقع ہوا ہے وہ بدقسمتی سے موسمیاتی تبدیلی کے لئے موضوں نہیں ۔ہماری وزارت نے موسمیاتی تبدیلی پر خصوصی کام شروع کیا ہوا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی حکومت کے اہم منصوبوں میں شامل ہے، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متعلق درست سمت بڑھ رہا ہے، کوشش ہے اپنی گاڑیوں کو 2030 تک الیکٹرک گاڑیوں پر تبدیل کرا دیں ۔ہماری کوشش ہے کہ بائیو گیس کو استعمال کرکے گاڑیوں کے ایندھن کے طور پر استعمال کریں ۔ہم نے آلودگی کو بڑی حد تک کم کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے دھواں چھوڑنے والی 98 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چالان کیا ۔چالان کرنے کی وجہ سے 3 کروڑ روپے سے زائد ریکور کیا ہے۔ آئل ریفائنری کمپنیز کو 3 سال کا وقت دیا ہے کہ اپنی ٹیکنالوجی کو آپ گریڈ کر لیں۔
وزیر مملکت کا کہناتھا کہ ایران سے سمگل ہونے والے تیل کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے، ایک تو ایرانی تیل کی بلیک میں سپلائی ہوتی رہی، دوسرا وہ تیل آلودگی بڑے پیمانے پر پیدا کرتا رہا۔ اسی سلسلے میں بڑی تعداد میں غیر قانونی پیٹرول پمپس بند کر چکے ہیں، اسلام آباد میں لوہا بنانے والی کمپنیوں کو پالوشن کنٹرول کرنے والے آلات لگوا دئیے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کسانوں کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں۔ فصلوں کو جلانے پر 3 ہزار سے زائد ایف آئی آرز کاٹی جا چکی ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی سے اپوزیشن کی جانب سے ہر اچھی تجویز کو خوش آمدید کہوں گی۔