قومی اسمبلی میں جاگو جاگو سپیکر جاگوکے نعرے، شور شرابے میں سی پیک اتھارٹی سمیت 3 بل منظور

Feb 01, 2021 | 21:25:PM

 (24نیوز)قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان کے شور شرابے میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی بل سمیت 3 بل منظور کرلیے گئے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کو سی پیک اتھارٹی بل سے پہلے 2 بل پیش کرنے کی اجازت دی۔علاوہ ازیں مشیر پارلیمانی امور نے فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ اسٹی ٹیوٹ آرڈیننس 2020 قومی اسمبلی میں پیش کیا۔

 اسپیکر نے اپوزیشن کو بولنے کا موقع د یئے بغیر سی پیک اتھارٹی بل پر شق وار منظوری شروع کرادی۔جس پر اپوزیشن نے جاگو جاگو ،سپیکر جاگو کے نعرہ لگائے ،سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے آٹا چور، چینی چور، پٹرول چور کے نعرے بھی لگتے رہے،اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کی ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور بل اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن کے شور شرابہ کے باوجود پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی ترمیمی بل 2020 منظور کرلیا گیا۔اسپیکر نے اپوزیشن کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ میں سے اس پر کوئی بات کرنا چاہتا ہے۔ لیکن اسپیکر  کی پیشکش کو اپوزیشن ارکان نے نعروں کی نذر کردیا۔اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران اسپیکر نے پھر پارلیمانی سیکریٹری برائے تجارت عالیہ حمزہ کو فلور دیا۔عالیہ حمزہ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف بات کی اور خاتون اول کے بارے میں تبصرے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں اجلاس منگل کی سہ پہر تک ملتوی کردیا گیا۔

مزیدخبریں