سپریم کورٹ: نیب ترامیم کے باعث ختم ہونیوالےمقدمات کا ریکارڈ طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کے باعث ختم ہونے والے نیب مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
کرپشن کیس میں ملزم کی ضمانت منسوخی کی نیب درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ نیب نے عدالت میں بیان دیا کہ کوئٹہ کا کرپشن کیس نیب دائرہ اختیار سے نکل گیا، درخواست غیر موثر ہوگئی۔ جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ نیب ترامیم کی وجہ سے کوئی بری نہیں ہو رہا بلکہ کیسز منتقل ہو رہے ہیں، نیب ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج ہیں، ابھی عدالت نے فیصلہ کرنا ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ نیب ان مقدمات کیساتھ کیا کر رہا ہے جو ترامیم کی وجہ سے احتساب عدالتوں سے واپس آ رہے ہیں؟ جس پر نیب حکام نے جواب دیا کہ احتساب عدالتوں سے واپس آنے والے مقدمات کے لیے نظرثانی کمیٹی قائم ہے جو کیسز متعلقہ فورم بھیج رہی۔
سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ پچھلے چھ ماہ کا ریکارڈ دیں، کون کون سے نیب مقدمات دوسرے فورم پر بھیجے گئے۔