سندھ حکومت کا خواتین کیلئے بڑا قدم، پنک بس سروس آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سندھ میں خواتین کیلئے خصوصی طور پر پیپلز پنک بس سروس کا افتتاح کردیا گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن کے ہمراہ خواتین نے بس سروس کا افتتاح کیا۔
کراچی میں افتتاحی تقریب سے خطاب میں سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خواتین کو سہولتیں دینے کی ذمے داری حکومت کی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ آج پنک بس سروس کی شروعات کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ ماں بیٹیوں کو خود مختار بنانا ہے، سندھ کے ہر شہر میں خواتین کے لیے بسیں چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام بسوں میں خواتین کے لیے علیحدہ سیٹس ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ خواتین اس سروس میں ایک ہفتے کیلئے مفت سفر کریں گی۔
اس موقع پر شرمیلا فاروقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس سے قبل ویمن بینک کا قیام کیا، یہ وہ جماعت ہے جس نے خواتین کو ترجیح دی ہے۔ شرمیلا فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ شرجیل میمن کی بیماری کے باوجود یہ کام نہیں رُکا، آج پاکستان میں خواتین کے لیے یہ بس شروع کی جا رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا کہ سب سے پہلے محکمہ ٹرانسپورٹ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ بسیں عوام کی ملکیت ہیں، عوام ان کا خیال رکھے۔
یہ بھی پڑھیے: مزدور کی تنخواہ 35 ہزار روپے مقرر کی جائے: آصف علی زرداری
آسکر ایوارڈ یافتہ فلم میکر شرمین عبید چنائے نے پنک پیپلز بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے بہترین اقدام قرار دے دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسکر ایوارڈ یافتہ فلم میکر شرمین عبید چناٸے نے کہا کہ کراچی کی خواتین کے لیے یہ بہترین اقدام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں یہ بس مختلف روٹس پر بھی چلے۔
View this post on Instagram
اس سروس کے حوالے سے ممبر صوبائی اسمبلی ماروی راشدی کا کہنا تھا کہ یہی ماحول ہے جو پیپلز پارٹی کا وژن ہے، ہماری لیڈر بینظیر بھٹو سندھ کی خواتین کو آگے لانا چاہتی تھیں اور یہ بس سروس اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ دعا گو ہوں کہ ہر صوبے میں خواتین کیلئے اس طرح کی سروسز ہوں۔
معروف میزبان ہما امیر شاہ نے اس سروس کے اجراء پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ سڑکوں پر صرف خواتین کیلئے بسیں چلنا خوش آئند ہے۔
پنک بس سروس کے آغاز پر اداکارہ عُشناء شاہ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشیت کیلئےضروری ہے کہ خواتین کو مواقع دیے جائیں، بہت خوش ہوں کہ خواتین کیلئےیہ فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں پنک بس سروس ماڈل کالونی سے ٹاور تک چلائی جارہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ابتدائی طور پر 8 پنک بسیں چلائی جائیں گی، ہر بس میں 24 سیٹیں ہیں، 2 سیٹیں خصوصی افراد کیلئے ہیں۔
اس حوالے سے انتظامیہ کا بتانا ہے کہ بس میں مجموعی طور پر 50 خواتین سفر کرسکیں گی۔