(24نیوز) پی ٹی اے نےغیر قانونی اور توہین آمیز مواد کو اپنے پلیٹ فارم سے نہ ہٹانے پر وکی پیڈیا کی تمام تر سروسز کو 48 گھنٹوں کیلئے ڈی گریڈ کردیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قابل اطلاق قانون اور عدالتی احکامات کے تحت نوٹس جاری کرکے مذکورہ مواد کو بلاک کرنے اور ہٹانے کیلئے وکی پیڈیا سے رابطہ کیا گیا تھا۔
پی ٹی اےکی جانب سے وکی پیڈیا کو سماعت کا موقع بھی فراہم کیا گیا تاہم پلیٹ فارم نے نہ تو توہین آمیز مواد ہٹانے کے حکم کی تعمیل کی اور نہ ہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا۔ پی ٹی اے کی ہدایات پر جان بوجھ کر عدم تعمیل کے پیش نظر وکی پیڈیا کی سروسز کو 48 گھنٹوں کیلئے ڈی گریڈ کردیا گیا ہے اور رپورٹ کردہ مواد کو بلاک کرنے اور ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ وکی پیڈیا کی جانب سے تعمیل نہ کرنے کی صورت میں پلیٹ فارم پاکستان کے اندر بلاک کردیا جائے گا۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ رپورٹ کردہ غیر قانونی مواد کو بلاک کرنے یا ہٹانے کے بعد ہی ویب سائٹ پر عائد پابندیاں اٹھائے جانے پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔