روس کو ڈرونز مہیا کرنے کا الزام ، امریکا نے ایران کے 7 اداروں کو بلیک لسٹ کر دیا

Feb 01, 2023 | 23:46:PM

(ویب ڈیسک)امریکانے یوکرین پرفضائی حملوں کے لیے روس کوڈرونز مہیاکرنے کے الزام میں ایران کے 7اداروں کو اپنی تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کرلیاہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بلیک لسٹ کیے گئے ایرانی اداروں میں ایئرکرافٹ انجنزڈیزائن  اینڈ مینوفیکچرنگ، سپاہِ پاسداران انقلاب کی ایروسپیس فورس، سپاہِ پاسداران انقلاب کی ریسرچ اورخودمکتفی جہاد آرگنائزیشن، اوجے پروازمدو نفرکمپنی، پروار پارس کمپنی، قدس ایوی ایشن انڈسٹری اور شاہد ایوی ایشن انڈسٹریز شامل ہیں۔

امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایرانی بغیر پائلٹ والی فضائی گاڑیاں(یو اے وی)یوکرین کیخلاف استعمال کے لیے روس منتقل کی جا رہی ہیں،  یہ سرگرمی امریکا کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے مفادات کے منافی ہے۔

روس نے ایرانی ساختہ ڈرونزکے ذریعے  موسم سرمامیں یوکرین کی توانائی کی بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات پرحملے کیے تھے، رواں ماہ کے اوائل میں کینیڈا نے اعلان کیاتھا کہ وہ یوکرین کے لیے امریکی ساختہ نیشنل ایڈوانسڈ سرفیس ٹوایئرمیزائل سسٹم (ناسامس) مہیا کرے گا، ’ناسامس ‘مختصرسے درمیانی فاصلے تک زمین پر مبنی فضائی دفاعی نظام ہے جو ڈرون، میزائل اورلڑکاطیاروں کے حملوں سے تحفظ مہیاکرتا ہے۔

امریکانے یوکرین کو2’’ناسامس ‘مہیا کیے ہیں اورمزید بھی مہیا کرنے پرغور کیا جارہا ہے، برطانیہ،امریکااورنیدرلینڈز کی جانب سے یوکرین کوریتھیون ٹیکنالوجی کارپوریشن کے پیٹریاٹ جیسے زمین پرمبنی دیگرفضائی دفاعی نظام مہیاکرنے کا وعدہ کیا گیا ہے تاکہ روس کے فضائی حملوں کا توڑ کیا جاسکے۔

مزیدخبریں