نئی کرنسی جاری کرنے میں2 سال درکار ہیں: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا کہ نئی کرنسی کی چھپائی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کریں گے،مرکزی بینک اگلے 2 برس میں نئے کرنسی نوٹوں کا عمل مکمل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ کا کہنا تھا کہ ہر 15 سے 20 سال میں نئے کرنسی نوٹ چھاپے جاتے ہیں،2005 میں نئی کرنسی جاری کی تھی جس کا عمل3 سال تک جاری رہا،اس مرتبہ پہلا نوٹ جاری کرنے میں تقریبا 2سال لگیں گے یہ ایک طویل عمل ہے، کرنسی نوٹ کے ڈیزائن کیلئے عوام سے بھی ان کی تجاویز مانگی ہیں، ہر ڈینومینیشن کیلئے تین انعامات ہیں، کل 7 ڈینومینیشن ہیں اس حساب سے 21 انعامات ہیں۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پہلا انعام 10 لاکھ روپے، دوسرا5 لاکھ روپے اور تیسرا 3 لاکھ روپے ہے، ملک بھر میں 17 ہزار بینک برانچز ہیں، عوام وہاں سے اپنے نوٹ باآسانی تبدیل کرا سکیں گے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا تھا کہ نئے کرنسی نوٹ اکاؤنٹ میں منتقل کئے جائیں گے جبکہ پرانے کرنسی نوٹوں کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر کا ریٹ مزید گر گیا ،انٹر بینک سے اہم خبر آ گئی
معاشی ماہرین کے مطابق عام طور پر نئے بینک نوٹ سیریز شروع کرنے میں 2 سے 3 سال لگتے ہیں، نئی سیریز کے اجراء کے بعد بھی موجودہ بینک نوٹ سیریز گردش میں رہیں گے، موجودہ سیریز کو گردش سے نکالنے کا فیصلہ بتدریج اور مرحلہ وار لیا جائے گا۔