کہاں کہاں بارش اوربرفباری ہوگی؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
لاہور میں دھند کے باعث حد نگاہ محدود،مانسہرہ میں وقفے وقفے سے بارش،موسم سردہوگیا

Stay tuned with 24 News HD Android App

(کومل اسلم،سید نعمان شاہ ،عیسٰی ترین،اقصیٰ شیخ،حیدر علی)محکمہ موسمیات نے اسلام آباداور مری سمیت مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی ۔
ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے،تاہم شمال مشرقی پنجاب،خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اورگرد و نواح میں بارش کا امکان ہے،مری، گلیات اور گردونواح میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے،لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ،نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤ الدین،راولپنڈی، جہلم، چکوال اور گرد و نواح میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ دیر، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں برفباری کی توقع ہے، شانگلہ، بونیر اور سوات میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہور میں دھند کے باعث حد نگاہ محدود ہو گئی اورموٹروے کو مختلف اطراف سے بند کر دیا گیا،لاہورمیں سردی نے شدت اختیار کر لی اوردرجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،دن بھر کم سے کم درجہ حرارت 10 اور زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔
لاہورشہر میں فضائی آلودگی میں کمی واقع ہوئی ہے اورائیر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 160 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
مانسہرہ شہر سمیت گردونواح میں رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے جس سے موسم انتہائی سرد ہو گیا،بالائی علاقوں وادی کاغان ،شوگران اورناران میں برف باری ہوئی ہے،مانسہرہ اورناران میں درجہ حرارت منفی 12 ، کاغان میں منفی 9 اورشوگران میں پارہ نقطہ انجماد سے گرگیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سائبرین ہوائیں چلنے کے باعث کوئٹہ، قلات، زیارت، پشین، مستونگ اور بولان میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا۔
کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ،قلات میں منفی 8،زیارت میں منفی 8 ، ژوب میں منفی 2، سبی میں7 ، تربت میں 10، نوکنڈی میں صفر ، چمن میں منفی 1 ، گوادر میں 10 اور جیوانی میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔
کراچی میں جاڑا راج بدستور برقرارہے اورپارہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے،محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں آج بھی موسم سرد اور خشک رہے گا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سردی کی حالیہ لہر کل تک جاری رہے گی،شہر میں شمال مشرقی سمت سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا
اے کیو آئی کے مطابق شہرقائد کا فضائی معیار مضر ہے اوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی گیارویں جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر موجود ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 159 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈکی گئی ہے۔
ملکہ کوہسارمری میں برفباری سے ہر سوں سفیدی چھا گئی،مری میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اورڈھائی انچ برفباری پڑھ چکی ہے،برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مری میں مزید بارش اور برف باری کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے،گزشتہ رات سے مری میں ڈھائی انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی، سڑکوں پر انتظامیہ کی جانب سے نمک کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کسی قسم کی غفلت نہ کی جائے، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے،ایمرجنسی صورتِحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔