کوروناکازور،پاکستان میں سال کے آخری روز 71 اموت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) سال 2020کے آخری روز کورونا وائرس میں مبتلا مزید 71 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 10 ہزار 176 ہوگئی۔
کورونا کا زور تھم نہ سکا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2020 کے آخری چوبیس گھنٹوں میں 41 ہزار 39 کرونا ٹیسٹ کئے گئے۔جن میں سے 2ہزار 463 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 773 ہوگئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق 24 گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار 156 مریض صحتیاب ہوئے جبکہ دو ہزار 216 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 215679 ہوگئی ہے جبکہ 3560 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 138608 ہے اور 4042 افراد وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18168 اور اموات 183 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 58701 اور 1649 اموات ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8277 افراد وائرس میں مبتلا ہو ہوئےجن میں سے 222 افراد انتقال کرگئے۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4857 اور 101 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 37888 ہے اور اب تک 419 مریض انتقال کر چکے ہیں۔