(24 نیوز)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفرالحق نے نیب کی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق تحریک ایوان میں پیش کردی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق نے ایوان میں تحریک پیش کرتےہوئے کہا کہ نیب کی طرف سے جو ٹرینڈ چل رہا ہے اس سے ملک کے اندر تقسیم اور بدنظمی کی صورتحال رہے گی۔یہ درست عمل نہیں کہ صرف لوگوں کو بدنام کر کے جیلوں میں ڈال کر تضحیک کی جائےاور اس عمل سے مخصوص لوگوں کو ٹارگٹ کیا جائے۔اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ کارروائیوں کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھیجا جائَے۔
اس صورتحال سے فضا خراب ہوتی رہے گی۔
راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ اگر کسی کے خلاف کیس ہے تو عدالت سے قبل اس شخص کو میڈیا پرٹارگٹ کیا جاتا ہے،ہم یہ نہیں کہتے کہ جس نے جرم کیا ہے اس سے بچایا جائے، انہوں نےکہا بدقسمتی سے نہ صرف عام لوگوں کی طرف سے بلکہ سپریم کورٹ کی طرف سے بھی اس عمل کو یکطرفہ عمل قرار دیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری بھی سب کے سامنے ہے کہ کس طرح ان کو گرفتار کیا گیا،انہیں میٹنگ کے دوران بلا کر کہا گیا آپ کو کچھ لوگ بلا رہے ہیں،خواجہ آصف کو علم تھا کہ ان کو کسی بھی وقت حراست میں لیا جا سکتا ہے۔