ہیرو بنا کر لائے گئے عمر شیخ کی ’’زیرو‘‘ بنا کر رخصتی !!!
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)نئے سال کے پہلے روز پنجاب پولیس میں بڑی تبدیلی،سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو تبدیل کرکے غلام محمود ڈوگر کو نیا سی سی پی او لاہور تعینات کردیا گیا۔
لاہور میں جرائم کی شرح بڑھنے اور تین ماہ میں مقررہ اہداف پورے نہ کرنے پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو تبدیل کر دیا گیا، غلام محمود ڈوگر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہ ۔
عمر شیخ کو ڈپٹی کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری پولیس تعینات کر دیا گیا۔واضح رہے کہ ایوان وزیراعلیٰ میں کچھ دیر قبل غلام محمود ڈوگر کا انٹرویو کیا گیا۔ غلام محمد ڈوگر آر پی او فیصل آباد رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل غلام محمود ڈوگر لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنزبھی رہے۔
یادر رہے کہ وزیراعظم عمران خان متعدد جگہوں پر عمرشیخ کی تعریف کرچکے ہیں۔حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے لاہور میں قبضہ مافیا کو لگام دینے کیلئے عمر شیخ کو کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور لگایا۔ عمران خان نے مزید کہا اقتدارمیں آکر کئی بار انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب سے اپنے بہنوئی کے پلاٹ سے قبضہ چھڑانے کی بات کی لیکن قبضہ برقرار رہا۔ ایک دن قبضہ مافیا نے بہنوئی کے برابر والے پلاٹ کے مالک کو گولی مار دی،اس واقعے کے بعد میں نے عمر شیخ کو بطور سی سی پی او لاہور لانے کا فیصلہ کیا۔عمران خان کا کہنا ہے کہ عمرشیخ نے آتے ہی قبضہ مافیا کے کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ عمر شیخ سی سی پی او لاہور کی تعیناتی کے بعد سے ہی تنقید کی زد میں تھے۔لاہور موٹروے زیادتی کیس میں متنازع بیان دینے پر سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہوگیا تھا۔ن لیگ کی جانب سے بھی عمرشیخ پر جھوٹے مقدمات اور دباؤ ڈالنے کے الزامات سامنے آتے رہے۔