(24 نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ ضبط کر کے شہریت منسوخ کرنا زیادتی ہوگی، آج نواز شریف کا پاسپورٹ ضبط ہوگا تو کل کسی اور کا بھی ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں۔ حکومت کی نااہلی اور ناکامی سے زندگی کا ہر شعبہ تباہ ہوگیا۔سینیٹ الیکشن کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، حکومت عدالت میں گئی ہوئی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاسپورٹ ضبط کر کے شہریت منسوخ کرنا زیادتی ہوگی، آج نواز شریف کا پاسپورٹ ضبط ہوگا تو کل کسی اور کا بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ یہ سال پاکستان کی ترقی کا سال ہو وباسے بچاﺅ کی دعا کرتے ہیں۔
امیر جماعت نے مزید کہا کہ حکومت نے تعلیمی بجٹ میں کٹوتی کی ہے جس وجہ سے نئی یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں نہیں لایا جاسکا ۔پاکستان میں تعلیمی ادارے بند کرکے نئی نسل کا سال ضائع کیا ۔گزشتہ سال وعدہ کیا گیا کہ نوکریاں دینے کا سال ہوگا مگر پینتیس لاکھ سے زائد افراد بیروزگار ہوئے۔سٹیل مل سے چار ہزار پانچ ملازمین بیروزگار کئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں مافیا ترقی کر رہے ہیں، حکومت نے میگا یوٹرن لے کر جھوٹا ہونے کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ تمام پارٹیاں جاگیردار اور سرمایہ کاروں کی کلب پارٹیاں ہیں ۔یکساں نظام تعلیم جماعت اسلامی رائج کرے گی ۔ فلاحی مملکت کا قیام ہمارا نصب العین ہے ۔