سندھ، کورونا ویکسین انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے کوآرڈی نیشن سیل قائم

Jan 01, 2021 | 18:44:PM

(24 نیوز)سندھ حکومت نے کورونا ویکسین انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے کوآرڈی نیشن سیل قائم کردیا، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہوکی ہدایات پر پراونشل ویکسین کوآرڈی نیشن سیل قائم کردیا گیا۔ سیکرٹری صحت سندھ میں ہونے والے کورونا ویکسین انتظامات کے سربراہ ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت کورونا ویکسین کے سلسلے میں اہم اجلاس ہوا،وزیر صحت سندھ نے کہاکہ ویکسین ٹاسک فورس اور این سی او سی کے تعاون سے رواں مہینے کے دوسرے ہفتے کے بعد سندھ کو مہیا کردی جائیگی۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہاکہ سندھ کو تقریباً ڈھائی لاکھ کے قریب ویکسین کے ڈوز دیئے جائیں گے،ہر فرد کو 21 دن کے وقفے کے ساتھ ویکسین کے دو ڈوز لگائے جائیں گے،پہلے مرحلے میں کووڈ کے وارڈز میں ڈیوٹی کرنے والے ہیلتھ پروفیشنلز اور فرنٹ لائین ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔ 
انہوں نے کہاکہ ویکسین کے پہلے مرحلے میں پبلک اور پرائیویٹ ہیلتھ سسٹم میں کام کرنے والے ورکرز کو شامل کیا جائے گا، وزیر صحت سندھ کی طرف سے پرائیویٹ ہسپتالوں میں کام کرنے والے فرنٹ لائین ورکرز کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
وزیرصحت سندھ نے کہاکہ ویکسی نیشن کیلئے تمام افراد کو بذریعہ فون پہلے آگاہ کیا جائیگا، ویکسین کے مرحلے سے گزرنے والے افراد کو ایک کارڈ بھی دیا جائیگا جو سفری مقاصد کےلئے بھی استعمال ہوسگے گا،ڈاکٹر عذرا پیچوہونے کہاکہ کراچی ایکسپو سینٹر میں 50 کیوبیکل بنائے جائیں گے، جس کے ذریعے ایک دن میں 50 ہزار افراد کی ویکسینیشن کی جا سکے گی۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے علاوہ سندھ کے باقی شہروں میں ٹرشری ہسپتالوں میں ویکسین کی سہولیات دی جائیں گی۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ ویکسین کے دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور پھر مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کو شامل کیا جائیگا،اجلاس میں سیکرٹری صحت کاظم جتوئی، سندھ اسمبلی کے پارلیمانی ہیلتھ سیکرٹری قاسم سراج سومرو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں