(ویب ڈیسک) راولپنڈی پولیس نے 1900 افراد کو چونا لگانے والے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف نئے سال کا پہلا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
راولپنڈی کینٹ پولیس نے سینکڑوں مرد و خواتین کو نوکری کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے دھوکے باز شخص کو گرفتارکرلیا ہے جس کی شناخت چوہدری شہباز کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم خود کو اعلیٰ حکومتی شخصیات کا پی ایس ظاہر کرتا تھا اور بوگس کالوں پر بڑے افسران سے بات چیت ظاہر کرکے شہریوں کو اپنے چنگل میں پھنساتا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد، سیکٹر جی سکس ون میں فائرنگ کا واقعہ، 1 نوجوان قتل دوسرا زخمی
حکام نے بتایا کہ ملزم نے دھوکا دینے کیلئے جعلی کارڈ اور جعلی انٹرویوز کی ویڈیوز بھی بنا رکھی تھیں جبکہ وہ نوکری دلانے اور مختلف سرکاری کاموں کیلئے رقم وصول کرتا اور بعدازاں نمبر بلاک کرکے رابطہ ختم کر دیتا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم نے نوکری کے بہانے 1400 مردوں اور 500 خواتین کو دھوکا دہی سے لوٹنے کا انکشاف کیا اور اس سے قبل بھی مختلف شہروں کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم نے مختلف شہروں میں کروڑوں روپے کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، اور اس سے مزید تفتیش میں مزید بڑے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔