(24نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل عمران خان پر خرچ ہورہے ہیں،ذاتی مفاد کیلئے بنائے گئے ہیلی کاپٹر بل کی مذمت کرتے ہیں،صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ کو اربوں روپے کا حساب دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں خیبر پختونخوا حکومت کیخلاف جے یو آئی (ف) کی اے پی سی کے بعد پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں لوگوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے، دونوں صوبائی حکومتوں کے سرکاری وسائل عمران خان پر خرچ ہورہے ہیں۔ عمران خان ملک کو ڈبونے کیلئے دوبارہ اقتدار میں آنا چاہتا ہے، اتحادی حکومت کی کوششوں سے ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، مخالفین حکومت کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں،خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے 900 ارب روپے کے قرضے لے کر غریب صوبے کو مقروض کیا، صوبے میں اب تک کوئی میگا پروجیکٹ نہیں بنایا جاسکا، خیبر پختونخوا حکومت اور وزیر اعلیٰ کو اس کا حساب دینا ہوگا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ہیلی کاپٹر بل عمران خان کو نیب مقدمے سے بری کرنے کے لئے بنایا گیا، ذاتی مفاد کیلئے بنائے گئے ہیلی کاپٹر بل کی مذمت کرتے ہیں،صوبائی حکومت امن وامان کے لئے فوری اقدامات کرے، آٹے کی قیمت فوری طور پر کم کی جائے۔بی آر ٹی، مالم جبہ، آٹا اور چینی اسکینڈلز کیس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں ملوث لوگوں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے،
سوشل میڈیا پر چیزیں چلتی ہیں، ٹیکنوکریٹ حکومت کے حوالے سے کوئی چیز میرے نوٹس میں نہیں، سی پیک بڑا منصوبہ تھا گودار خطے کی گہرائی ہے لیکن ساڑھے تین سال میں اسکو خراب کیا گیا۔