(24نیوز)سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین نے حرمین ایکسپریس چلانے کا آغاز کردیا۔
سعودی ریلوے ’’سار‘‘ نے سعودی خاتون ٹرین ڈرائیور کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، سعودی ریلوے ’’سار‘‘ نے تیز رفتار ٹرین چلانے کی ٹریننگ مکمل کرنے والی 24 سعودی خواتین کی وڈیو شیئر کی ہے، دنیا کی تیز رفتار ٹرینوں میں سے ایک حرمین ٹرین چلانے کیلئے ان کا خواب پورا ہوگیا۔
سعودی خاتون سارۃ الشھری نے کہا ہے کہ ’’مجھے اور میری ساتھیوں کو مشرق وسطی میں تیز رفتار ٹرین چلانے کا اعزاز سب سے پہلے حاصل ہوا ہے جس پر فخر ہے‘‘۔
ٹریننگ مکمل کرنے والی ایک اور سعودی خاتون نورۃ ھشام کا کہنا ہے کہ یہ بڑی ذمہ داری کا کام ہے، حج، عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کی سلامتی حرمین ایکسپریس ڈرائیور کی ذمہ داری ہے۔
سعودی خاتون ڈرائیورشجن المرسی نے کہا کہ’’ ٹرین چلانے کی ٹریننگ لینے والے پہلے گروپ میں شمولیت بڑے فخر کی بات ہے میں ایکسپریس ٹرین چلا کر وطن عزیز کی خدمت کروں گی‘‘۔