پاکستان میں نئے سال 2024 کا کہیں سادگی اور کہیں آتش بازی کا استقبال

Jan 01, 2024 | 08:48:AM

(24نیوز) پاکستان میں سال 2023ء کے اختتام  کے ساتھ نئی امیدوں اور عزم کے ساتھ نئے سال 2024 کا آغاز ہوگیا۔ ملک بھر میں شہریوں نے کہیں سادگی کے ساتھ تو کہیں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کر کے سال نو کو خوش آمدید کہا۔

خدا کرے میری ارض پاک پر اترے ،،،،،، وہ فصل گل جسے اندیشہء زوال نہ ہو ،،،،،، خدا کرے نہ کبھی خم سرِ وقارِ وطن ،،،،،، اور اس کے حسن کو تشویش ماہ و سال نہ ہو،،، دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے تمام اہل وطن کو سال نو کی مبارکباد، دعا ہے نیا سال پاکستان میں امن و خوشحالی کی نوید لیکر آئے، امید ہے سال 2024 دنیا بھر میں بھی امن اور سلامتی کا سال ہو گا۔

پاکستان میں نئے سال کا استقبال اسرائیلی دہشت گردی کا شکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سادگی سے کیا گیا۔ پاکستان کے کسی بھی شہر میں سال نو کی آمد کے حوالے سے روایتی جشن اور تقاریب منعقد نہیں ہوئیں۔ دریں اثنا صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سال نو کے آغاز پر قوم، امت ِ مسلمہ اور عالمی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ اُنہوں نے ایک پیغام میں پاکستان اور پوری دنیا میں خوشحالی، سیاسی اور اقتصادی استحکام کی دعا کی۔

صدر نے کہا نئے سال کے آغاز پر فلسطین کے بھائی بہنوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جو اسرائیل کے مسلسل وحشیانہ حملوں کا سامنا کر رہے ہیں۔صدر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پُرتشدد کارروائیوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ عالمی برادری دنیا میں امن اور استحکام کیلئے اِن دیرینہ مسائل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ انہوں نے پاکستان میں اقتصادی ترقی، بین المذاہب ہم آہنگی، درگزر، برداشت اور باہمی احترام کو عام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب رات 12 بجتے ہی سال نو کے آغاز کے ساتھ ملک بھر میں آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا، کراچی میں ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کے ساتھ ساتھ نئے سال کا استقبال کیا گیا۔ کراچی میں ہائی الرٹ ہونے کے باوجود صدر، لیاری، گارڈن، سچل، کورنگی، اورنگی، سائٹ، سرجانی، ملیر قائد آباد ، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیو کراچی، بلدیہ اور کیماڑی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔

مزید پڑھیں: کراچی: سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی

شہریوں کی بڑی تعداد سال نو کا جشن منانے ساحل سمندر پہنچی، اس کے علاوہ لاہور اور حیدر آباد سمیت مختلف شہروں میں بھی نئے سال کا استقبال آتشبازی سے کیا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد سال نو کا جشن منانے سڑکوں پر نکلی اور ہلہ گلہ کیا گیا۔

نیو ایئر نائٹ پر امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب میں 21 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

قبل ازیں دنیا میں سب سے پہلے نئے سال کا استقبال نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے سکائی ٹاور پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کر کے کیا گیا، اس دوران آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے نہا گیا اس کے بعد آسٹریلیا کے ہاربر برج پر بھی لائٹ شو کا اہتمام ہوا، شہریوں کی بڑی تعداد نے آتش بازی کو انجوائے کیا، آسمان روشنیوں سے جگمگاتا رہا، شہریوں پر دلکش نظارے کا سحر طاری رہا۔

تائیوان میں سرکاری سطح پر نئے سال کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا، ہانگ کانگ میں بھی وکٹوریا ہاربر پر شاندار آتش بازی کی گئی، سیاحوں نے بھی ایونٹ میں جوش و خروش سے شرکت کی، تھائی لینڈ میں بھی سال نو کی رنگا رنگا تقریبات ہوئیں، دبئی میں نئے سال کا استقبال برج خلیفہ پر شاندار آتش بازی کر کے کیا گیا، خوبصورت نظارے کو شہریوں کی بڑی تعداد نے دیکھا۔ 

برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر میں نیو ائیر نائیٹ پر جہاں آتش بازی اور پارٹیز چل رہی تھیں وہیں فلسطین غزہ میں متاثرین سے آظہار یکجہتی کیلئے پر امن مارچ کیا گیا۔ فلسطینی بہن بھائیوں سے آظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی، دیگر لوکل کمیونٹیز کے تمام چوٹی بڑی عمر کے افراد پر امن مظاہرے میں شریک ہوئے اور فلسطینی بہن بھائیوں سے آظہار یکجہتی کیا اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔

مظاہرین نے فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کی مخلتف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا اور فلسطینی پر مظالم بندش کے لئے دباؤ ڈالنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

مزیدخبریں