غزہ کیلئے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد میں پاکستان پیش پیش، غزہ کیلئے امدادی سامان کی تیسری کھیپ پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ائیر بیس سے روانہ کی گئی ہے۔
تیسری امدادی کھیپ تقریباً 20 ٹن ضروری اشیاء پر مشتمل ہے جس میں غزہ میں زمینی ضروریات کے مطابق سرجیکل/طبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء اور بچوں کے لیے گفٹ بیگز کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔
خصوصی پرواز امدادی سامان لیکر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں مصر میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے۔ امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کے لئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیع، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے سینئر افسران نے نورخان ایئر بیس پر روانگی کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے غیر متناسب اور اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت کی۔
مزید پڑھیں: بریگیڈیئر (ر) مسرت اللہ صدر پی ایچ ایف مشیر مقرر
وزیرخارجہ نے غزہ کی مصیبت زدہ آبادی کو انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فوری جنگ بندی انصاف اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ”غزہ کے لئے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے جو بہت جلد پاکستانی عوام کی جانب سے بھیجی جائیگی“
اس سے قبل این ڈی ایم اے نے غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لیے موسم سرما کے خصوصی خیمے، کمبل، ادویات اور فوڈ پیک پر مشتمل دو امدادی کھیپیں بھیجی تھیں ۔ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا