(ساجد بلوچ)ڈیرہ اسماعیل میں پاکستان تحریک انصاف کی اہم وکٹ گر گئی،سابق ایم پی اے آغاز گنڈاپور نے پی ٹی آئی پی چھوڑ کر جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے اہم شمولیت پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سابق ایم پی اے آغاز خان گنڈا پور جمعیت علمائے اسلام کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیںگے، انکی شمولیت علاقہ کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرے گی ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں ۔
اس موقع پر آغاز خان گنڈا پورنے کہاکہ ہمارا مولانا کے خاندان سے دادا سردار عنایت اللہ گنڈاپور کے دور سے تعلق ہے ہمارے خاندان نے حالات کو دیکھ کر جمعیت علمائے اسلام میں ہمیشہ کیلئے شمولیت کا فیصلہ کیا،سابق ایم پی اے کاکہناتھا کہ ہر مشکل گھڑی میں مولانا فضل الرحمان نے ہمارے خاندان میرے والد سردار اکرام خان گنڈہ پور کا ساتھ دیا، میں یہ سیٹ جیت کر جمعیت علمائے اسلام کو گفٹ دونگا ،ہم پورا خیبر پختونخوا کلین سویہ کرینگے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان دونوں کے حالات خراب ہیں، باجوڑ ٹانک اور دیگر اضلاع میں حالات سب کے سامنے ہیں حملے ہورہے ہیں ایسی صورت میں الیکشن مہم کیسے چلے گی، جو کچھ ہوا ہے حالات کا تجزیہ نہیں کیا گیا ۔
ان کاکہناتھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ صرف ایک پارٹی کی بات نہیں ،دو صوبوں کو بھی یکساں پرامن ماحول فراہم کیا جائے، ہم الیکشن چاہتے ہیں یہ آئینی تقاضا ہے مگر پرامن ماحول بھی فراہم کیا جائے ،سکیورٹی سے عوام تاجروں کو بھی تو پریشانی ہوتی ہے ،سیکورٹی تو ہمیں فراہم کی جاتی ہے مگر ہر امیدوار کو تو میسر نہیں ہے، میں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی تو بعد میں تھریٹ لیٹر آگیا ۔
سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ پی پی پی کے امیدوار بھی اس سیکورٹی کے حوالے سے پریشان ہیں ،اگر کسی بھی وجہ سے ٹرن آو¿ٹ کم ہوا تو یہ دھاندلی کا امکان پیدا کرے گا، پرامن ماحول کیلئے اگر الیکشن کچھ دن آگے جاتے ہیں تو کوئی مضائقہ نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ملک میں گزشتہ چار سالوں میں معیشت تباہ ہوئی، ہم نے گزشتہ پندرہ ماہ میں ملک کو دیوالیہ پن سے نکالا، آج عالمی برادری اور دوست ممالک کہتے ہیں کہ اگر سابقہ لاڈلے ہی لانے ہیں تو ہم پھر پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری ضائع نہیں کرنا چاہتے۔ ان کاکہناتھا کہ قانونی کارروائی میں عمران کے مخالفین اگر مستحق بنتے ہیں تو وہ خود کیوں بالا ہے، وہ پاکستان کے دفاع اور بقاو سالمیت کےلئے خطرہ ہے ۔
سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ افغانستان کی صورتحال پر وہاں سے دورہ کی دعوت آئی ہے ملک میں انتخابی ماحول کی وجہ سے دورہ افغانستان فوری نہ کرسکا، اگلے ہفتہ افغانستان کا دورہ متوقع ہے ہمارے ان سے ثقافت کلچر محبت اسلامی تعلق برابر کا ہے ہم ایک چیز ہیں بداعتمادی کا تعلق ختم ہونا چاہیے۔ ان کاکہناتھا کہ کاغذات صرف پی ٹی آئی کے مسترد نہیں ہوئے متعدد امیدواروں کے مسترد ہوئے ہیں ،ڈیرہ اسماعیل خان کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ پر ہمیں ادراک ہے ،ہر فورم پر اسکے حل کے لیئے متحرک ہیں ہم ان شااللہ انتخابات کے بعد پورے ملک کو لوڈ شیڈنگ فری کرینگے۔
ڈی آئی خان، پی ٹی آئی کی اہم وکٹ گر گئی، سابق رکن اسمبلی آغاز گنڈاپور جے یو آئی میں شامل
Jan 01, 2024 | 21:45:PM