پاکستان میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت ملوث،امریکی اخبار نےبھانڈا پھوڑ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) امریکی اخبار نے پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کا گھناؤنا کردار بےنقاب کردیا ہے، اخبار کی رپورٹ سے دہشتگردی اور سنگین انسانی جرائم میں ملوث بھارت کا سیاہ چہرہ عالمی سطح پر بےنقاب ہوگیا۔
عالمی جریدے واشنگٹن پوسٹ نے بھارتی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو بے نقاب کیا، اخبار کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی ایجنسی’’را‘‘ نے اجرتی قاتلوں اور افغانی ہتھیاروں کے ذریعے پاکستان میں کم از کم چھ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ اپریل دو نقاب پوشوں نے لاہور میں عامر سرفراز عرف تامبا نامی شخص کو گولیوں کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے، یہ واقعہ بھی دوسرے ممالک کی طرح بھارتی خفیہ قتل مہم کا تسلسل ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسی ”را“ نے پاکستان میں کئی افراد کو نشانہ بنایا، شواہد سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی افراد کے قتل میں بھارت ملوث ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 2021 کے بعد بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی ”را“ نے پاکستان میں متعدد افراد کو قتل کرنے کے لیے ایک خفیہ مہم چلائی جس میں میں کئی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان کے وزیر داخلہ بھی ہلاکتوں میں ”بھارت کے براہ راست ملوث ہونے“ کا انکشاف کر چکے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 2014ء میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے کہا تھا کہ پاکستان پر حملہ کرنا غیر حقیقی ہے لیکن ہم اپنے مقاصد کے حصول کیلئے خفیہ ذرائع استعمال کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں ”را“ کی ٹارگٹ کلنگ مہم کی وجہ سے بھارت بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کی زد میں ہے، بھارت نے امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں ماروائے عدالت قتل کئے، کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ نے سکھ رہنماؤں کو قتل کیا، نئی دہلی میں را کے افسر وکاش یادیو نے نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند راہنما پر قاتلانہ حملے کی ہدایت جاری کیں، را افسر نے اس قتل میں اپنے ایجنٹ کو ایک مقامی قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
رپورٹ کے مطابق کینیڈین حکام نے بھی بھارتی سفارت کاروں اور را کی دہشتگردی کو بے نقاب کیا۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس بھی پاکستانی شہریوں محمد ریاض اور مولانا شاہد لطیف کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے ملوث ہونے شواہد منظر عام پر آچکے ہیں، اس سے قبل بھی وزارت خارجہ شواہد کے ساتھ پاکستانی سرزمین پر بھارتی دہشتگردی کو بے نقاب کرچکی ہے۔
سفارتی ماہرین کہتے ہیں کہ بھارتی جارحیت، دہشت گردی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر اقوام عالم کو سخت نوٹس لینا چاہیے، دوسرے ممالک میں بھارتی دہشتگردی، مداخلت اور ٹارگٹ کلنگ عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔