3 ارب سے زائد سیلز ٹیکس فراڈ کیس ،ملزم کی ضمانت 100 روپے کے عوض منظور

Jan 01, 2025 | 13:40:PM
3 ارب سے زائد سیلز ٹیکس فراڈ کیس ،ملزم کی ضمانت 100 روپے کے عوض منظور
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین ارب 20 کروڑ روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں شریک ملزم کی ضمانت 100 روپے کے عوض منظور کرلی۔

عدالت نے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی کرمنل کارروائی اختیار سے تجاوز قرار دے دی، ساتھ ہی ملزم کی ماتحت عدالت سے ضمانت مسترد ہونے کا فیصلہ باعث شرم قرار دیا،جسٹس بابر ستار نے ضمانت منظوری کا 10 صفحات پرمشتمل فیصلہ جاری کیا اور عدالتی فیصلے کی کاپی چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھیجنے کا حکم دیا، ساتھ ہی آئندہ قانون کی خلاف ورزی پر ٹیکس آفیشلز کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دے دیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ بینک کے برانچ مینیجر کو کائنیسس انرجی اور پاور کمپنی کے برانچ میں اکاؤنٹ کھولنے میں اعانت پر گرفتار کیا گیا، اسٹیٹ نے درخواست گزار کے ٹیکس فراڈ کے جرم میں ملوث ہونے کا کوئی مواد پیش نہیں کیا، ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے قانون کے مطابق ٹیکس پیئر پر واجب الادا ٹیکس کا تعین ہی نہیں کیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے درخواست گزار کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی میں گرفتار کیا، لاہور ہائیکورٹ کے تاج انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے کیس میں فیصلہ سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا، ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا علم ہونے کے باوجود کرمنل کارروائی شروع کی، ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے کرمنل کارروائی شروع کر کے اختیارات سے تجاوز کیا، اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے درخواست گزار کے آزاری، وقار اور برابری کے آئینی حقوق مجروح کیے گئے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ زیادہ ٹیکس جمع کرنے کی کوشش میں اتھارٹیز اور ٹیکس حکام نے طے کردہ قانون کی خلاف ورزی کی، شرم کی بات ہے کہ ریمانڈ دینے والے مجسٹریٹ اور ضمانت مسترد کرنے والی عدالت نے سیلز ٹیکس ایکٹ کی شقوں کا خیال نہیں رکھا، ماتحت عدالت نے بنیادی آئینی حقوق کے تحفظ کی بجائے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے گمراہ کُن اقدامات کی ستائش کی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ کرمنل کارروائی کی قانونی حیثیت کا سوال اس عدالت کے سامنے نہیں، عدالت امید کرتی ہے کہ ٹرائل کورٹ اس کارروائی کی قانونی حیثیت کو مدنظر رکھے گی، درخواست گزار کی ضمانت ایک سو روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جاتی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ چیئرمین ایف بی آر اسلام آباد ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی کاپی ٹیکس افسران میں تقسیم کریں، ٹیکس آفیشلز تاج انٹرنیشنل کیس فیصلے کی روشنی میں سیلز ٹیکس سے متعلق کرمنل کارروائی کریں، خلاف ورزی میں کارروائی پر ایف بی آر اور ٹیکس آفیشلز کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، پبلک آفیشلز کو تفویض کردہ قانونی اور پولیس اختیارات کا استعمال قانون کے مطابق کیا جائے۔