(ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری میں بہت ساری فلمیں بنتی ہیں ان میں کچھ ہٹ ثابت ہوتی ہیں اوربہت سی فلاپ ہوجاتی ہیں لیکن کئی فلمیں ایسی ہیں جو پہلے فلاپ ہوئیں لیکن بعد میں ٹی وی اور ڈی وی ڈی کے ذریعہ لوگوں کے دل میں گہری چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہیں اورآج انہیں کلاسیکل فلمیں قرار دیا جاتا ہے۔
ایک بھارتی اردو اخبار کی ویب رپورٹ کےمطابق بالی ووڈ اداکارسلمان خان اورعامر خان کی فلم’ انداز اپنا اپنا‘ریلیزکےوقت بری طرح فلاپ ہوئی تھی۔یہ فلم اس وقت ریلیز ہوئی تھی جب سلمان ’میں نے پیار کیا‘ جیسی ہٹ فلمیں دے چکے تھے۔جبکہ عامر خان بھی ’قیامت سے قیامت تک‘ اور’دل‘جیسی بلاک بسٹر فلموں میں کام کرچکےتھے۔ بعد میں عوامی پذیرائی کی وجہ سے اس فلم نے وہ حیثیت حاصل کرلی جو اس کا حق تھا۔ اسے اب بالی ووڈ کی بہترین مزاحیہ فلموں میں سے ایک قرار دیاجاتا ہے۔فلم ’جو جیتا وہی سکندر‘ ایک ایسی فلم ہے اگر آپ بھی۹۰ء کی دہائی کی فلمیں دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں تو آپ کو یہ فلم ضرور یاد ہوگی۔ اس فلم کا گانا ’پہلا نشہ‘ آج بھی لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا دیتا ہے۔ جب یہ فلم ریلیزہوئی تھی تو وہ صرف ممبئی میں ہی اپنا کمال کرسکی تھی لیکن اس فلم کا جادو بھارت کے دوسرے حصوں میں کام نہیں کرسکا۔لیکن بعد میں یہ فلم پورے بھارت میں دیکھی جاتی رہی ہے۔1990 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اگنی پتھ‘ میں امیتابھ بچن نےوجے دینا ناتھ چوہان کا کردار خوب عمدگی سے ادا کیا تھا لیکن یہ فلم سنیماؤں میں کامیابی حاصل نہیں کرسکی تھی۔ بعد میں یہ ٹی وی اور ڈی وی ڈی پرایسی کامیاب فلم بن گئی کہ دیکھنے والے اب بھی فلم میں امیتابھ بچن کے انداز کی تعریف کرنا نہیں بھولتے ہیں۔بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ فلم ’لکشیہ‘ میں ریتک روشن کی اداکاری بہترین تھی۔ فلم ’دل چاہتاہے‘ کی کامیابی کےبعد ’لکشیہ‘ فلم کو زیادہ کامیابی نہیں ملی اور اسے بیکار سمجھا گیا لیکن بعد میں یہ ناظرین کی پسندیدہ فلموں میں سے ایک بن گئی۔
یہ بھی پڑھیں: دلیپ کما ر پھر آئی سی یو منتقل