(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار اضافے پر شہباز حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ روس سے سستا تیل خریدنے کے بجائے امریکی سازش کے تحت لائی گئی ‘درآمدی حکومت’ عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے، اب تک پیٹرول کی قیمت میں 99 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 133 روپے کا اضافہ کیا جاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکوٹ کے فیصلے کا معاملہ: سپریم کورٹ سے بڑی خبر آگئی
چیئرمین پی ٹی آئی نے شہباز حکومت پر الزام عائد کیا کہ امپورٹڈ حکومت خود کو گیارہ سو ارب کا این آر او ٹو دے رہی ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں سابق وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کل امپورٹڈ حکومت کے خلاف ہمارے احتجاج میں شامل ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کل پریڈ گراؤنڈ میں حکومت مخالف احتجاج کرنے جا رہی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کا موضوع’ چوروں کو ریلیف، عوام کو تکلیف’ رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کو دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں عوامی جلسے کا این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے این او سی میں کہا ہے کہ احتجاج کے دوران ریاست کے خلاف نعرے بازی نہیں ہوگی، پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج مقررہ وقت میں ختم کرنا ہوگا اور دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ جلسے کا این او سی جی ایچ کیو کی اجازت سے مشروط کیا گیا۔