(24نیوز) تحریک انصاف کے وزیراعلیٰ کے متفقہ امیدوار پرویزالہٰی اور ن لیگ کے حمزہ شہباز نے 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے دوبارہ انتخاب پر اتفاق کر لیا ہے۔
دوران سماعت یہ بات سامنے آئی کہ تحریک انصاف کے وزیراعلیٰ کے متفقہ امیدوار پرویز الہٰی اور ن لیگ کے حمزہ شہباز نے 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے دوبارہ انتخاب پر اتفاق کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوئی۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، بینچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل تھے۔
چیف جسٹس آف پاکستان ، جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ عدالت پر باتیں کرنا بہت آسان ہے، ججز جواب نہیں دے سکتے، حکومتی بینچز کو اپوزیشن کا احترام کرنا ہوگا، قومی اسمبلی میں اپوزیشن نہ ہونے سے بہت نقصان ہوا ہے، توہین عدالت کا اختیار استعمال کریں تو آپ کی روز یہاں حاضری لگے، کیس کا تحریری حکم نامہ بعد میں جاری کریں گے۔
قبل ازیں سپریم کورٹ نے دو آپشنز دیے تھے، دو دن میں وزیراعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب کرایا جائے یا پھر حمزہ شہباز 17 جولائی تک وزیراعلیٰ رہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ یہی دو آپشن ہیں یا حمزہ کو وزیراعلیٰ تسلیم کرنا ہوگا یا پھرمناسب وقت میں دوبارہ الیکشن ہوگا، پکڑ دھکڑ نہیں ہوگی یہ احکامات ہم جاری کریں گے۔
دوران سماعت اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ حمزہ شہباز کو نگران وزیراعلیٰ رہنا ہے تو اپنا اختیارطے کریں، یہ تو بادشاہ بن جاتے ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اس مسئلے کا قانونی حل نکالیں گے، معلوم ہے کہ ایک دن کا وقت بہت کم ہے، قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو عدالتیں موجود ہیں۔